بھٹکل ، 7؍ مئی (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا کی دوسری لہر کے سبب شادیاں اور کئی اہم تقاریب ملتوی کردی گئیں ہیں۔ کورونا کے معاملات میں اضافہ پر حکومت نے عوام کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے جس کو دیکھتے ہوئے کئی لوگوں نے اپنی شادیوں اور دیگر تقاریب کو ملتوی کردیا ہے۔ حکومت نے محدود مہمانوں کے ساتھ شادیوں کی اجازت دی ہے تاہم اس میں بھی ہر کسی کے لئے ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری طرف پنڈتوں کا کہنا ہے کہ مئی میں شادیوں اور گھروں میں داخل ہونے کی تقاریب سمیت دیگر تقاریب کیلئے بہتر مہورت تھا۔ شادیوں کی پلا ننگ کرنے والے کئی افراد نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے کئی افراد نے گذشتہ سال اپریل سے اپنی شادیوں کو جاریہ سال اپریل ؍ مئی تک ملتوی کردیا تھا تا ہم اس مرتبہ اسی عرصہ کے دوران کورونا کی دوسری لہر آگئی جس کی وجہ سے لوگوں کے بڑے پیمانے پر جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
گذشتہ سال مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے کافی کم شادیاں ہوئی تھیں۔ شادیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے جاریہ سال گرما کے موسم میں شادیوں کے اہتمام کی امید کررہے تھے جس کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی تھی تاہم کورونا کی دوسری لہر نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ بعض افراد نے کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران محدود مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی تو بعض نے آن لائن شادیوں کا اہتمام کر لیا اور اس کا راست ٹیلی کاسٹ مہمانوں کے لئے کیا گیا۔